سدا سیو پیٹ کی خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم، رکن اسمبلی چنتا پربھاکر کا خطاب
سدا سیو پیٹ۔/15 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ تمام طبقات کی بھلائی حکومت کا نصب العین ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر نے کیا۔ انہوں نے آسرا فنکشن ہال سدا سیو پیٹ میں ریاستی حکومت کی جانب سے مسلمان خواتین کو سلائی مشین تقسیم پروگرام کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر محمد فرید الدین ایم ایل سی نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں لایا ہے جہاں طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ ریاستی حکومت ان اقامتی اسکولس میں قیام اور طعام کے ساتھ قرآنی تعلیم بھی سکھارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مبارک اسکیم متعارف کی اور 75 ہزار 116 روپئے امداد دی جارہی ہے۔ اس موقع پر جناب فاروق حسین ایم ایل سی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام طبقات کے ساتھ انصاف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہہ ریاستی حکومت تلنگانہ کے تمام مساجد کی آہک پاشی کیلئے بھی مدد کررہی ہے جو کہ اب تک کسی بھی حکومت نے نہیں کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 200 میناریٹی اقامتی اسکول شادی مبارک اسکیم کے ذریعہ مسلم لڑکیوں کی مدد اور مسجدوں کے ائمہ و موذنین کی تنخواہ ادا کرنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر عیدگاہ کمیٹی جناب اکبر حسین ، میونسپل کونسلرس قدوس قریشی، سید کلیم پٹیل، صدر نشین بلدیہ وجیہ لکشمی نے جلسہ کی صدارت کی اور صدر ایجوکیشنل سوسائٹی سید رافع التمش ، ظہیر پٹیل، اشفاق پٹیل، محمد شفیع الدین، سید مقصود احمد، محمد شجیع، محمد غوث، محمد رافیع، عبدالمبین صدر اقلیتی ٹی آر ایس محمد ریاض الدین نے شرکت کی۔