نلگنڈہ میں ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کا روڈ شو سے خطاب
نلگنڈہ۔/9اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود اور خوشحالی لانے کیلئے علاقائی جماعتوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹی آر ایس پارٹی کو 16لوک سبھا حلقوں میں کامیابی حاصل ہونے پر تیسرے محاذ کی حکومت کے قیام میں اہم رول ادا کرتے ہوئے ریاست میں مزید ترقیاتی و فلاح و بہبود کے پروگرام روبہ عمل لائے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کی عوام دوست پالیسیوں سے قومی جماعتوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کارگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ نے حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ کے ٹی آر ایس امیدوار ویمی ریڈی نرسمہا ریڈی کی انتخابی مہم کے دوران روڈ شو میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی گذشتہ 55 برسوں سے مرکز میں اقتدار حاصل ہونے کے باوجود ملک میں پسماندگی کی شرح میں اضافہ، کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ، عوام نے ایسی حکومت سے ناراض ہوکر کئی ایک توقعات سے نریندر مودی کو اقتدار سونپا لیکن نریندر مودی بھی عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوگئے۔ انہوں نے حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ کے ٹی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ ریاستی وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی نے کہا کہ ضلع میں ٹی آر ایس سرکار نے برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے 80 ہزار کروڑ روپئے سے تھرمل پاور پراجکٹ کا آغاز کیا ہے اس کی مخالفت کرنے والے قائدین آج انتخابات میں حصہ لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس کمیٹی کو اگر کامیابی کی امید ہو تو وہ فوری اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ریاست کے تمام طبقات کی خوشحالی کیلئے اسکیمات پر عمل کرتے ہوئے تمام طبقات میں خوشحالی لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں نہ صرف ضلع کی دو نشستیں بلکہ 16حلقوں میں ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیابی کی توقع ہے۔ اس روڈ شو کو صدر نشین کسان مشاورتی کمیٹی جی سکھیندر ریڈی، ارکان اسمبلی مسرز کے بھوپال ریڈی، ان بھاسکر راؤ و دیگر نے مخاطب کیا۔ شدید ترین دھوپ کے باوجود روڈ شو میں عوام بالخصوص خواتین اور مسلم خواتین کی کثیر تعداد دکھائی دے رہی تھی۔ روڈ شو اپنے مقررہ وقت سے 2 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔