ٹی آر ایس امیدوار چنتا پربھاکر کو ووٹ کیوں دیں؟

سنگاریڈی۔/12اکٹوبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد خواجہ صدر مرکزی میلاد کمیٹی سنگاریڈی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی سے سوال کیا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے ٹی آر ایس پارٹی امیدوار چنتا پربھاکر کو مسلمان کیوں ووٹ دیں؟ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے35 ہزار مسلمانوں نے متحدہ طور پر ٹی آر ایس پارٹی کوووٹ دے کر کامیاب بنایا لیکن افسوس کہ سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر نے مسلمانوں کی ترقی اور مسائل کی یکسوئی کیلئے خاطر خواہ کام انجام نہیں دیئے۔ ظہیرآباد میں صرف 2 بلدی کونسلر ہونے کے باوجود مسلمانوں کو وائس چیرمین کا عہدہ دیا گیا جبکہ سنگاریڈی میں 10 کونسلر ہونے کے باوجود وائس چیرمین نہیں بنایا گیا ۔ بلدیہ کوآپشن ممبر کا انتخاب بھی نہیں ہوا۔ عید گاہ کی توسیع کیلئے اراضی فراہم کروانے نمائندگی کی گئی۔ جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ عید گاہ باؤنڈری وال کی تعمیر کیلئے 15 لاکھ روپئے کا اعلان کیا گیا لیکن کام شروع نہیں کیا گیا۔ منی حج ہاوز کی بہت تشہیر کی گئی لیکن اس کا کام بھی شروع نہیں کیا گیا۔ سنگاریڈی میں برقی اور پینے کا پانی کی سربراہی مسئلہ بن چکی ہے۔ مسلم نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔