ٹی آر ایس اقتدار میں آنے پر عدل و انصاف کی توقع

نظام آباد۔22 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ علماء کونسل نے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت پر کامل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو میں مسلمانوں کا کلیدی رول رہے گا اور علاقہ کی ترقی اور سماجی بہبود میں مسلمانوں کا بھرپور حصہ رہے گا۔ صدر تلنگانہ علماء کونسل مولانا یوسف زاہد نے اپنے دورہ نظام آباد کے موقع پر مقامی علماء کرام اور آئمہ کرام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی پالیسیوں پر غور وخوض کیا اور انہیں بتایا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ٹی آر ایس کی حکومت تشکیل پانے کی صورت میں مسلمانوں کو 12% تحفظات فراہم کرنے اور ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ مسلمان کو دینے کا وعدہ کیا ہے۔ بعدازاں ٹی آر ایس کے مسلم قائدین کے ہمراہ بھی علماء وائمہ کرام کا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں مسلم مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ مولانا یوسف زاہد نے کہا کہ تلنگانہ کے مسلمانوں نے ان کی قیادت پر اعتماد کیا ہے۔ ان انتخابات میں ٹی آر ایس کو سماج کے تمام طبقات بشمول مسلمانوں کی تائید و حمایت حاصل ہوگی چونکہ عوام جانتے ہیں کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل صرف اور صرف ٹی آر ایس کی جہد مسلسل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک کھلی ہوئی فرقہ پرست پارٹی ہے جبکہ کانگریس ایک مخفی فرقہ پرست پارٹی ہے جو ظاہری طور پر سیکولرازم کا راگ تو الاپتی ہے مگر درپردہ فرقہ پرستی کو بڑھاوا دیتی ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ مسلمانوں کا استحصال کیا ہے اور الیکشن سے قبل کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے۔ نظام آباد پارلیمانی امیدوار مسز کے کویتا نے ٹی آر ایس کی علماء کونسل کی تائید پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس ہمیشہ سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لیتے ہوئے علحدہ ریاست کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت میں سماج کے تمام طبقات کو متوازن نمائندگی حاصل ہوگی۔ اقلیتی بہبود کے لئے نہ صرف ایک ہزار کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے بلکہ تمام فنڈس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا

جس کیلئے اختراعی اسکیمات و پرگرامس وضع کئے جائیں گے۔ مسز کویتا نے کہا کہ صدر ٹی آر ایس نے ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ مسلمان کو دینے کا وعدہ کیا ہے اور اس کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ اس موقع پر مسٹر نوید اقبال نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے اور انہیں کامل یقین ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ مسلمانوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو وفا کریں گے۔ سینئر قائد ٹی آر ایس مسٹر طارق انصاری نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس میں ایک عرصہ سے ہیں اور وہ شاہد ہیں کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس تحریک کو فرقہ پرست ہاتھوں میں جانے سے روکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی حکومت میں تلنگانہ کے تمام طبقات کی متوازن ترقی ہوگی اور سماج کے ہر فرقہ کے ساتھ عدل و انصاف ہوگا۔ اس موقع پر جناب حافظ محمد عیسیٰ، مولانا عبدالرؤف اور دیگر بھی موجود تھے۔