ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کا دورہ چرلہ پلی جیل

قیدیوں سے ملاقات، سہولتوں پر اظہار اطمینان
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ کے وفد نے آج چرلہ پلی جیل کا دورہ کرتے ہوئے قیدیوں کو دی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی قیادت میں عوامی نمائندوں نے قیدیوں کی صورتحال جاننے کیلئے ہر بیارک کا دورہ کیا اور قیدیوں سے ملاقات کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ قیدیوں کی بھلائی کیلئے ریاستی حکومت اور محکمہ محابس کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے قیدیوں کی بھلائی کیلئے 120 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کو جو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، وہ باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیارکس میں صحت و صفائی کے انتظامات اور جیل میں بہتر مینٹننس کو یقینی بنایا گیا ہے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ قیدیوں کو صبح میں ٹفن دوپہر اور شام میں باریک چاول کا کھانا سربراہ کیا جارہا ہے۔ قیدیوں کو تعلیم کیلئے خصوصی انتظام ہے۔ ایسے قیدی جو تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کو مختلف پیشہ ورانہ کورسس کی ٹریننگ دی جاتی ہے تاکہ رہائی کے بعد وہ اس پیشہ کو اختیار کرتے ہوئے خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی جانب سے پٹرول پمپ بھی چلایا جارہا ہے ۔ کیشو راؤ نے کہا کہ بہتر کردار کے حامل قیدیوں کی سزا کی معافی اور رہائی کے سلسلہ میں جی او کی اجرائی پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کی جائے گی ۔ جیل کا دورہ کرنے والے قائدین میں ارکان پارلیمنٹ ملا ریڈی ، ویشویشور ریڈی ، جی سکھیندر ریڈی ، بی بی پاٹل ، لنگیا یادو ، پرکاش مدیراج ، میئر حیدرآباد بی رام موہن ، ارکان مقننہ پی سدھاکر ریڈی ، کے پربھاکر ، کے جناردھن ریڈی، راملو کے علاوہ محکمہ جیل کے ڈائرکٹر جنرل ونئے کمار سنگھ اور آئی جی حیدرآباد رینج اے نرسمہا اور دوسرے شامل ہیں۔