اپوزیشن سے اپنا جائزہ لینے کا مشورہ، محبوب نگر میں پارٹی ضلع صدر بی شیو کمار کا بیان
محبوب نگر۔/12 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس حکومت کی فلاحی اسکیمات عوام کے دلوں میں جگہ بنا چکی ہے اور آئندہ بھی ایسی اسکیمات صرف کے سی آر سے ہی ممکن ہیں اسی کے پیش نظر ریاست کے عوام نے ٹی آر ایس کو تاریخ ساز کامیابی عطا کی ہے۔ان خیالات کا اظہار آج شام ٹی آر ایس پارٹی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ضلع ٹی آر ایس بی شیوکمار نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں وزیر اعظم نریندر مودی، اے آئی سی سی صدر راہول گاندھی ، سونیا گاندھی و دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس اور 11 مرکزی وزراء نے حصہ لیا اور عوام کوگمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن عوام نے مہا کوٹمی اور بی جے پی کو زبردست سبق سکھایا۔ انہوں نے ای وی ایم مشینوں میں ٹمپرنگ کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ الزام صحیح ہے تو کانگریس کو اتنی نشستیں کیسے ملیں؟ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا جائزہ پہلے لیں کہ عوام نے انہیں کیوں مسترد کیا ہے۔ اس موقع پر بیکم جناردھن نے کہا کہ ضلع مستقر پر چندرا بابو نائیڈو نے سازش کرتے ہوئے تلگودیشم امیدوار کو ٹہرایا تاکہ پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ کا کام روکا جاسکے لیکن محبوب نگر کے عوام نے انہیں منہ توڑ جواب دیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس ٹاؤن صدر وینکٹیا، سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین راجیشور نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے 14 سال میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے ایم ایل اے منتخب ہوکر زبردست ترقیاتی کام کرواتے ہوئے سرینواس گوڑ نے عوام کے دلوں کو جیت لیا ہے ان تمام قائدین نے ضلع کے عوام سے اظہار تشکر کیا۔ پریس کانفرنس سے میڈیا سکریٹری ایم مہیندر ریڈی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مرزا جاوید بیگ ، احمد الدین انجینئر اور دیگر موجود تھے۔