ٹی آرایس قائد کے جواں سال فرزند کا انتقال

ٹی آرایس قائد کے جواں سال فرزندکا انتقال
مریال گوڑہ /14 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مریال گورہ کی مشہور و معروف سیاسی شخصیت محمد قاسم کے جواب سال فرزند 32 سالہ محمد ہاشم کو مریال گوڑہ کے بلدی حلقہ سیتارام پور میں کل رات نامعلوم افراد نے چاقو اور تلواروں سے حملہ کرتے ہوئے بڑی بے دردی کے ساتھ قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب محمد ہاشم میکہ میں موجود اپنی بیوی اور دو کمسن بچوں کو اپنے گھر لانے سیتارام پور میں واقع ان کے مکان کو پہونچ کر کسی نے ان کو باہر آنے کو کہا جب وہ باہر آئے تو نامعلوم افراد نے ان کے آنکھوں پر مرچ پاوڈر پھینک کر چاقو سے حملہ کیا وہ اپنی جان بچانے مکان کے اندر دوڑنے کی کوشش میںگر پڑے اچانک اپنے شوہر پر ہو رہے اس قاتلانہ حملہ کو دیکھ کر دوڑتی ہوئی ان کی بیوی ٰآئی اور شوہر کو بچانے ہر  ممکن کوشش کی لیکن قاتلوں نے جن کی تعداد تین اور چھ کے درمیان بتائی جاتی ہے ۔ محمد ہاشم کو تلواروں اور چاقوں سے بے دردی کے ساتھ قتل کردیا اور راہ فرار اختیار کرلی ۔ محمد ہاشم کے جسم پر 26 تلوار اور چاقو کے گہرے گھاؤ پائے گئے ۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی مریال گورہ گونے سندیپ ٹو ٹاون سی آئی پانڈو رنگاریڈی پولیس کی بھاری جمعیت کے ساتھ مقام حادثہ پر پہونچ گئے اور وہاں موجود افراد سے حادثہ سے متعلق معلومات حاصل کیں ۔ مقتول کے والد محمد قاسم کا تعلق ٹی آر ایس پارٹی سے ہے ان کا شمار مریال گورہ کے سینئیر سیاسی قائدین میں ہوتا ہے ۔ قتل کی اطلاع پاکر مریال گوڑہ رکن اسمبلی این بھاسکر راؤ ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی انچارج امریندر ریڈی ، بلدیہ چیرپرسن ٹی ناگالکشمی بھارگو نائب صدر بلدیہ محمد مخدوم پاشاہ ، سابق رکن اسمبلی CPM جے رنگاریڈی ، سرینواس کے علاوہ دوسرے سیاسی پارٹیوں کے قائدین نے ان کے گھر پہونچ کر پرسہ دیا ۔ قتل کی وجہ پرانی مخاصمت بتائی جاتی ہے ۔ نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثہ کے حوالے کیا گیا ۔ نماز جنازہ مسجد عرفات میں بعد نماز عصر ادا کی گئی اور تدفین قدیم قبرستان میں عمل میں آئی ۔ ٹو ٹاون پولیس اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کر رہی ہے ۔