ٹیکس چوری کا معاملہ ستیم راما لنگا راجو کے افراد خاندان کو سزا

حیدرآباد 9 جنوری ( پی ٹی آئی ) ایک مقامی عدالت نے آج جملہ 19 کمپنیوں کے ڈائرکٹرس کو سزائیں سنائیں جن کی کمپنیوں کے پروموٹرس میں بانی ستیم کمپیوٹرس بی راما لنگا راجو کی شریک حیات ‘ فرزندان ‘ ارکان خاندان اور رشتہ دار بھی شامل ہیں۔ ان پر انکم ٹیکس چوری کا الزام ثابت ہوا ہے ۔ معاشی جرائم کی عدالت کے خصوصی جج ایم لکشمن نے ملزم کمپنیوں کے مرد و خاتون ڈائرکٹرس کو دیڑھ سال قید سادہ کی سزا سنائی اس کے علاوہ ان پر فی کس 10 ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ تاہم عدالت نے ملزمین کی درخواست پر سزا پر عمل آوری کو ایک ماہ کیلئے معطل رکھا ہے تاکہ انہیں اعلی عدالت میں اپیل کرنے کا موقع مل سکے ۔

محکمہ انکم ٹیکس کے پبلک پرساکیوٹر راما رکشنا ریڈی نے کہا کہ ان کا استدلال تھا کہ ملزمین کمپنیوں نے عمدا ٹیکس ادا کرنے سے گریز کیا ہے حالانکہ کچھ کمپنیوں نے ہر کمپنی کے اکاؤنٹس بک میں 93 لاکھ روپئے تا دو کروڑ روپئے واجب الادا ٹیکس کا اندراج ضرور کیا تھا ۔ ان کمپنیوں پر انکم ٹیکس قانون کے دفعہ 276c(2) اور 278(B) کے تحت مقدمہ چلاتے ہوئے انہیں خاطی قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ان کمپنیوں کے پاس ٹیکس ادا کرنے کے خاطر خواہ وسائل موجود تھے لیکن انہوں نے عمدا ٹیکس ادا کرنے سے گریز کیا تھا ۔ محکمہ کے ان دلائل کو عدالت نے بھی قبول کرلیا ہے ۔ ہر کمپنی کے چار تا پانچ ڈائرکٹرس ہیں جو بیشتر راجو کے افراد خاندان پر مشتمل ہیں اور یہی افراد تمام کمپنیوں میں ڈائرکٹرس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ راما لنگا راجو اور دیگر نو افراد بشمول ان کے دوبھائی فی الحال ستیم کمپنی اسکام کے مقدمہ میں ملزم ہیں۔ مقامی عدالت میںاس کیس پر مباحث کی سماعت چل رہی ہے۔