ٹیکساس میں مسلم قبرستان کی تعمیر پر تنازعہ

ہوسٹن ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک مستقر میں سکونت پذیر کچھ لوگ ایک اسلامی قبرستان کی تعمیر کے منصوبہ کو روکنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں یہ خدشہ ہے کہ اس طرح مسلم طبقہ وہاں کے اس علاقہ پر حاوی ہوسکتا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف پائے جانے والے جذبات کی یہ تازہ ترین عکاسی ہے۔ فارمرس ولے سٹی کونسل کا ایک اجلاس گذشتہ ہفتہ منعقد کیا گیا تھا، جہاں زائد از 100 افراد نے شرکت کی تھی۔ فارمرولے ڈلاس سے 64 کیلو میٹر شمال مشرق میں واقع ہے اور وہاں رہنے والوں کا کہنا ہیکہ قبرستان کی تعمیر کے ذریعہ مسلمان اپنی اجارہ داری قائم کریں گے۔ دریں اثناء بیت الحم باپٹسٹ چرچ کے پادری ڈیوڈ میکس نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے زیادہ تشویش کی بات اسلامی انتہاء پسندوں کی ہے۔

 

ان کا خیال ہیکہ قبرستان کی تعمیر مسلم انتہاء پسندی کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔ ناقدین کا بھی کہنا ہیکہ مسلم قبرستان کے بعد پھر مسجد کی تعمیر کا مطالبہ شروع ہوجائے گا۔ صرف 3000 نفوس پر مشتمل فارمرولے ایک انتہائی پرسکون مقام ہے جو پیغمبراسلام ؐ کے کارٹون بنائے جانے پر ہوئی فائرنگ کے واقعہ کے مقام سے صرف 25 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ دریں اثناء امریکن اسلامک ریلیشنز آف ڈلاس سے منسلک کونسل سے وابستہ عالیہ سالم نے مقامی افراد کے اندیشوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔ بہرحال قبرستان کی تعمیر پر اب تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور فارمرولے سٹی کونسل کے آئندہ اجلاس میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔