نظام آباد ۔ 19 ۔ فبروری ( فیاکس ) ٹیچرس تنظیم PRTU کے قائدین خواجہ معین الدین ، سید احمد بخاری ، عارف الدین ، اسرار احمد ، افضل بیگ نے بتایا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں ٹیچرس کے تبادلے ترقی ، ریشنلائزیشن گرمائی تعطیلات میں ہوں گے ۔ ان قائدین نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹیچرس کیلئے سرویس رولز کے نہیں ہونے سے محکمہ تعلیمات کو کئی ایک دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ حال ہی میں ٹیچرس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹیچرس تنظیم PRTU کی ریاستی عاملہ کا ایک اہم ترین اجلاس شہر نظام آباد میں منعقد ہوا تھا ۔ جس میں پیش کی گئی قراردادوں کی تفصیلات اس طرح ہیں : ریاست کے تمام اسکولس کے اوقات صبح 9.30 بجے کئے جائیں اور ماہانہ 398 روپئے تنخواہ پر کام کرچکے ٹیچرس کو نوشنل انکریمنٹ کی ادائیگی ، پنڈتوں ، فزیکل ٹیچرس کی جائیدادوں کو اپ گریڈ کرنا ، HRA کو 8 کیلو میٹر سے بڑھاکر 15 کلو میٹر تک توسیع کرنا ، DA ( گرانی بھتہ ) مرکزی حکومت کے مساوی ادا کرنا ، سینئر ٹیچرس کو وٹیج انکریمنٹ دینا ، ٹیچرس کو EL (06) سے بڑھاکر 15 کرنا ، دوپہر میں دیئے جانے والے کھانے کی ذمہ داری ہیڈماسٹر کے بجائے خانگی ایجنسی کو دینا ، ضلع نظام آباد میں 593 اردو جائیدادوں پر تقرر کرنا ، خانگی عمارتوں میں کام کرنے والے اردو اسکولس کو سرکاری عمارتیں تعمیر کر کے منتقل کرنا ، LFL ہیڈماسٹرس کی جائیدادوں کو منظور کرنا ، ریاست میں ٹیچرس سرویس رولز کا نفاذ عمل میں لانے کے بعد ترقی ، ریشنلائزیشن اور ٹیچرس کے تبادلے کرنا LTC چار سال میں ایک مرتبہ نقد رقم کی شکل میں دینا ، اسکول اسسٹنٹ کو 12 سال کی تکمیل کرنے پر انہیں محکمہ جاتی امتحانات سے مستثنی رکھنا ، دوپہر میں طلباء کو دیئے جانے والے کھانے ( چاول ) کی مقدار 150 گرام سے بڑھاکر 200 گرام کرنا ، یکم جولائی 2013 ء سے PRC میں نوشنل فوائد دینا ، اردو میڈیم جائیدادوں پر لاگو SC/ST تحفظات کو DE-RESERVE کرنا ، اردو اسکولس پرائمری ، اپرپرائمری کو اپ گریڈ کرنا ، امدادی اسکولس کے ٹیچرس کو 010 ہیڈ کے تحت تنخواہ کی اجرائی عمل میں لانا ، امداد اسکولس کے ٹیچرس کو ہیلت کارڈ جاری کرنا ، پنچایت راج ٹیچرس کو 300 دن HPL دینا ، سرکاری اسکولس میں پینے کے پانی کے ساتھ باونڈری وال ، بیت الخلاؤں کی تعمیر کرنا ، تمام سرکاری اسکولس کیلئے کمپیوٹرس کی سربراہی کر کے کمپیوٹر انسٹرکٹر کا تقرر کرنا ، ریاست میں ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں سے تدریسی فرائض پر کافی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے اور ایس ایس سی کے نتائج بھی مایوس کن برآمد ہورہے ہیں ۔ ان قائدین نے خصوصاً ضلع نظام آباد کے اردو میڈیم اسکولس میں ٹیچرس کی کمی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ٹیچرس تقررات کیلئے امتحان DSC-2015 کے انعقاد کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔