ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ کے 14 مئی کو انعقاد پر حکومت کا غور

حیدرآباد 30 اپریل ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ ملتوی شدہ ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ’ ٹیٹ

TET ‘ کا 14 مئی کو انعقاد عمل میں لانے سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ یہ ٹسٹ پہلے یکم مئی کو منعقد کرنے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا تاہم اس کے انعقاد میں کچھ مشکلات پیش آ رہی تھیںجس کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا ۔ اب توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ٹسٹ 14 مئی کو منعقد کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت اس سلسلہ میں کوششیں شروع کرچکی ہے ۔ حکومت کا احساس ہے کہ اگر ٹیٹ کے انعقاد میں مزید تاخیر کی جائیگی تو اس سے حکومت کیلئے اور بھی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ نئے تعلیمی سال کے آعاز کے موقع پر اساتذہ کی کمی درپیش ہوسکتی ہے اور سرکاری مدارس بشمول اردو میڈیم مدراس میں تعلیمی سرگرمیوں پر اثر ہوسکتا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ٹیٹ کا جلد انعقاد عمل میں نے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیٹ ( ٹیچر اہلیتی ٹسٹ ) آئندہ صرف سرکاری اسکول و کالجس میں ہی منعقد کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور خانگی تعلیمی اداروں میں کوئی بھی ٹسٹ آئندہ دنوں میں منعقد نہیں کئے جائیں گے ۔ امکان ہے کہ ریاست میں ٹیچرس اہلیتی امتحان میں زائد از 3.73 لاکھ امیدوار شرکت کریں گے اور ان کیلئے ریاست میں جملہ 1175 امتحانی مراکز کی ضرورت پڑیگی اور اسی مناسبت سے ضلع واری اساس پر مکمل تفصیلات اکھٹا کرنے عہدیداران تعلیمات مصروف ہیں ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ویجلنس کے عہدیداروں کا تعاون حاصل کرکے جلد D.Ed کالجوں پر دھاوے کئے جائیں گے ‘ جہاں تک ہوسکے کالجوں کی سختی کے ساتھ جانچ کی جائے گی ۔