ٹینس میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا ضروری

ڈیوس کپ میں پلے آف کو پار کرنا اہمیت کا حامل : رمیش کرشنن
پونے ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق ٹینس اسٹار رمیش کرشنن ہندوستان کی ڈیوس کپ ٹیم کے استقلال سے متاثر ہیں جو اس نے گذشتہ چند برسوں میں دکھایا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو اس میں متعارف کروائیں تاکہ انہیں مسابقتی سطح پر کھیلنے کا موقع مل سکے ۔ سومدیو دیو ورمن اور یوکی بھامبری کی قیادت میں ہندوستانی ڈیوس کپ ٹیم مسلسل 16 قومی ورلڈ گروپ میںجگہ بنانے کی دعویدار رہی ہے ۔ اس ٹیم نے سربیا اور چیک جمہوری جیسی ٹیموں کو اپنے ملک میں اچھی مسابقت دی تھی لیکن وہ ایک حد سے آگے نہیں جاسکے تھے ۔ کرشنن نے جو اپنے عروج میں ہندوستان کے ڈیوس کپ اسٹار رہ چکے ہیں پی ٹی آئی سے کہا کہ یہ ایک اچھی کوشش ہے کہ پلے آف مقابلے کروائے جائیں کیونکہ ایشیائی زون میں مقابلے بہت سخت ہوتے ہیں۔ ہم کسی طرح پلے آف تک پہونچنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ لیکن ان کے خیال میں اہمیت اس بات کی ہے کہ پلے آف سے آگے بڑھا جائے ۔ ڈیوس کپ میں 1987 میں آسٹریلیا کے والی ماسور کے خلاف پانچواں مقابلہ جیت کر ہندوستان کو ڈیوس کپ فائنلس میں پہونچانے والے کرشنن ہی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں آپ کو معیاری سنگلس کھلاڑیوں کی ضرورت ہے ۔ ڈیوس کپ میں چار سنگلس پوائنٹ ہوتے ہیں۔ موجودہ کھلاڑی اس کیلئے بہت سخت جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ بہتر بھی ہو رہے ہیں لیکن موجودہ نظام کو چاہئے کہ وہ زیادہ کھلاڑیوں کو اس کا حصہ بنائیں تاکہ مستقبل میں نتائج بھی بہتر حاصل کئے جاسکیں۔