ٹیم کو ’’دلیر کھلاڑیوں ‘‘کی ضرورت : آفریدی

کراچی۔17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے نئے ٹوئنٹی20 کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں کمزور دل والے کھلاڑیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اس کے لئے دلیر ہونا ہوگا۔ ٹیم جب تک شکست کا خوف دل سے نہیں نکالے گی فتوحات کی جانب گامزن نہیں ہوگی۔میں نے اور وقار یونس نے ماضی کی تلخ یادوں کوپس پشت رکھ کر ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔ قیادت ملنے کے تھوڑی دیر بعد نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پچاس اوورز کے ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف مجموعی طور پر تین میچ کھیلنے ہیں۔2016 کے ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے اچھی ٹیم تیار کریں گے۔میرے بارے میں باتیں کرنے والے نام نہاد نقاد ہوم ورک کے ساتھ تنقید کریں۔مصباح کی بڑی خدمات ہیں ایک آدھ سیریز سے کسی کھلاڑی کو مکمل رد کردینا ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ2016 بہت دور کی بات ہے میں فی الحال ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 پر توجہ مرکوز کررہا ہوں۔