ٹیم کو ایک فاسٹ بولر کی کمی محسوس ہوگی:گمبھیر

نئی دہلی ۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کو رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے میزبان انگلینڈ کے ہمراہ خطاب کا سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے لیکن سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے بولنگ شعبہ کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہارکیا ہے۔ ورلڈ کپ 2011 جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے رکن گوتم گمبھیر نے ورلڈ کپ کے لئے معلنہ ٹیم پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ایک فاسٹ بولرکی کمی کے ساتھ ورلڈکپ میں شرکت کرے گی اورکسی کے زخمی ہونے کی صورت میں اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فاسٹ باؤلنگ میں ٹیم کا انحصار محمد سمیع، بھوونیشورکمار اور جسپریت بمراہ پر ہے اور ان کا ساتھ دینے کے لیے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا موجود ہیں ۔ تاہم گمبھیر نے کہا کہ ٹیم میں ایک اور معیاری فاسٹ بولر کی کمی ہے جبکہ سمیع، بھوونیشوراوربمراہ کو مزید حمایت کی ضرورت ہے، تاہم اگر ان تین میں سے کوئی ایک بھی بولر زخمی ہوتا ہے تو ہندوستان کو ان کے متبادل کی کمی محسوس ہوگی۔ کچھ لوگ یہ کہیں گے کہ پانڈیا اور وجے شنکر کی شکل میں فاسٹ بولنگ آل راؤنڈرز موجود ہیں لیکن میں انہیں ایک معیاری فاسٹ بولر کا متبادل تصور نہیں کرتا۔