ٹیم کا کوچ پاکستانی ہونا چاہیے: وسیم اکرم

کراچی۔ 22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی کوچ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ٹیم کا اگلا کوچ پاکستانی ہونا چاہیے۔ اس موقع پر اکیڈمی کے کوچز سابق ٹسٹ فاسٹ بولرجلال الدین،حارث خان، وقار حسین بھی موجود تھے۔وسیم اکرم نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے،میرے خیال میں واٹمور کی جگہ کسی پاکستانی کو ٹیم کا کوچ مقرر کیا جانا چاہیئے تاکہ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ نہ صرف محنت کر سکے بلکہ اپنے تجربہ سے انہیں فائدہ بھی پہنچا سکے۔ ماضی میں غیر ملکی کوچ کی موجودگی میں نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا تھا۔ اس موقع پر وسیم اکرم نے کیمپ میں شریک بولروں کو کھیل کی ٹپس اور مشورے بھی دئیے اور انہیں محنت کی تلقین بھی کی۔

پیس جوڑی آسٹریلین اوپن سے باہر
ملبورن ۔ 22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کے سینئر ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور ان کے چیک جمہوریائی ساتھی کھلاری راڈک اسٹیفنک کو آسٹریلین اوپن کے مرد زمرے کے ڈبلز کوارٹر فائنل مقابلے میں راست سیٹوں میں شکست برداشت کرنی پڑی ۔ عالمی درجہ بندی میں 13 ویں مقام پر فائز فرانسیسی کھلاڑیوں مائیکل لوڈرا اور نیکولاس ماہوت پر مشتمل جوڑی نے پیس ۔ اسٹیفنک کو راست سٹوں میں 2-6، 6-7(4) سے شکست دی ۔ یہ مقابلہ صرف دیڑھ گھنٹہ طویل ثابت ہوا جہاں لوڈرا اور ماہوت نے نہ صرف تیز رفتار اپنی سرویس کے ذریعہ مقابلے پر گرفت مضبوط رکھی بلکہ پیس جوڑی کی سرویس کو بھی توڑا ۔ ابتدائی سٹ میں فرانسیسی کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 29 منٹوں میں مقابلہ کی سبقت حاصل کرلی ۔