راجکوٹ۔3 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیم میں کرون نائر کو نظر انداز کئے جانے پر کہا ہے کہ منتخب کرنا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف راجکوٹ میں کل شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کے موقع پر پریس کانفرنس میں نائر کو ٹیم سے باہر کئے جانے کے سوال پر کوہلی نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب کرنا ان کے ہاتھ میں نہیں ہے ۔ کپتان نے کہا، انتخاب کے سلسلے میں پہلے ہی بات ہو چکی ہے اور اس پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ سلیکٹروں کا یہ کام ہے اور وہ اسے کر رہے ہیں۔ کوہلی نے مزید کہا کہ ہر کوئی اپنے کام کو بہت احتیاط سے کر رہا ہے اور وہ اس بات کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں کہ باہر لوگ کیا کہہ رہے ہیں۔ اگر کسی کے بارے میں پہلے ہی بات ہو چکی ہے تو اس پر دوبارہ سوال نہیں اٹھانا چاہیے ۔چیف سلیکٹر نے کرون سے پہلے ہی اس سلسلے میں بات کی ہے ، ایسے میں مجھے اس پر بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔نائر کو جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے دورے کے لیے بھی ٹیم میں شامل تو کیا گیا لیکن انہیں قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی انہیں12 رکنی ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی ہے ۔ ٹسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے کے باوجود نائر ابھی تک ٹسٹ ٹیم میں اپنی جگہ یقینی نہیں کر سکے ہیں۔ کوہلی نے انتخاب کے عمل پر یہ بھی واضح کیا کہ ٹیم کے سلیکشن میں کپتان کے ساتھ کوئی مشترکہ فیصلہ نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا، یہ بات سب کو معلوم ہونی چاہیے کہ ٹیم کے انتخاب کا عمل مشترکہ طور پر نہیں ہوتا ہے ۔ نائر کو ٹیم میں منتخب نہ کئے جانے پر اس سے پہلے چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے بھی واضح کیا تھا کہ نائر سے تفصیلی بات کرکے انہیں ٹیم میں منتخب نہ کرنے کی وجہ بتائی تھی۔ پرساد نے نائر کو گھریلو کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا بھی مشورہ دیا تھا۔ یاد رہے کہ نائر ٹسٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے دوسرے بیٹسمین ہیں جبکہ اس قبل یہ کارنامہ ویریندر سہواگ نے انجام دیا ہے۔
رونالڈوکیخلاف پھر مقدمہ شروع
لاس ویگاس ۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی پولیس نے پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانورونالڈو کیخلاف خاتون سے زیادتی کے مقدمہ کی دوبارہ تحقیقات کا آغاز کردیا۔امریکی خاتون کیتھرین میورگا نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا جس پر دوبارہ تحقیقات کا آغاز کیاگیا۔