راہول کی متاثرکن سنچری ، آخری گیند پر صحیح شاٹ نہیں کھیل پایا :دھونی
فورٹ لاڈر ڈیل (امریکہ)۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ٹیم انڈیا کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں کی T-20 سیریز کے پہلے میچ میں انتہائی دلچسپ مقابلے میں ایک رن سے شکست پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آخری گیند پر ان کی شاٹ کے انتخاب سے متعلق سوچ صحیح تھی لیکن اس پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کر پائے ۔دھونی نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ہی ٹیموں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور شائقین اس سے بہتربلے بازی کی توقع نہیں کر سکتے تھے۔ واضح رہے کہ آخری گیند پر دھونی کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم انڈیا ایک رن سے میچ ہار گئی۔ہندوستانی کپتان نے کہا "مقابلے میں بہت سی چیزیں ہمارے حق میں نہیں رہیں۔ ہمارے گیند بازوں نے کافی رنز دیئے جو آخر میں ہم پر بھاری پڑے ۔اس کے باوجود انہوں نے بولرس کا دفاع کیا اور کہا کہ بیٹنگ کیلئے سازگار اس پچ پر بولرس نے انتہائی خراب مظاہرہ نہیں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ 250 کے آس پاس کا اسکور تعاقب کرنے کے لحاظ سے قطعی آسان نہیں کہا جا سکتا۔ ہمارے بلے بازوں نے بہتر انداز میں اسکور کا تعاقب کیا ، اور ہم ہمیشہ مقابلے میں رہے ۔ تاہم آخر میں جیت حاصل نہ کر پانا ضرور مایوس کن رہا۔ دھونی نے میچ میں شاندار سنچری بنانے والے کے ایل راہول کی خوب تعریف کی اور کہا، "راہول نے پوری اننگز میں غیر معمولی بلے بازی کی۔ انہوں نے شاندار سنچری بناکر ٹیم کو میچ میں بنائے رکھا۔ ان کے علاوہ ٹیم کے دوسرے بلے باز وں نے بھی شاندار مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چھ اوورس میں اگر ہم زیادہ رنز نہ دیتے تو شاید صورتحال مختلف ہوتی لیکن ہم دوسرے میچ میں واپسی کی کوشش کریں گے ۔