ٹیم میں کوئی میچ ونر بولر نہیں:محمد حفیظ

لاہور۔10جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں کوئی میچ ونر بولر نہیں جو تشویشناک ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ سری لنکا میں کامیابی کے لئے کھلاڑیوں کوایک اکائی ہو کر پورے جذبے سے کھیلنا ہوگا۔حفیظ نے کہا کہ سری لنکا کی نسبت پاکستانی بولنگ زیادہ مضبوط نہیں ہے اور ٹیم کو بولنگ شعبے میں بہت زیادہ بہتری کی ضرورت ہے۔اس موقع پر آل راؤنڈر نے بولنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس کوئی میچ ونر بولر نہیں۔وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد سعید اجمل ہی ایسے بولر تھے جو تنہا میچ جتوایا کرتے تھے لیکن اب ٹیم میں کوئی میچ ونر بولر نہیں ہے ۔حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں مجھ سمیت کوئی بھی بولر سعید اجمل کا متبادل ثابت نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کی ونڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے دورہ سری لنکا میں سخت مقابلوں کی توقع ظاہر کی۔میڈیا سے گفتگو میں اظہر نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کی ٹیم میں نئے کھلاڑی موجود ہیں اسی لئے کسی کو پسندیدہ ٹیم قرار نہیں دیا جاسکتا۔ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان اظہر علی نے کہا کہ سری لنکا اپنے گھریلو حالاتکا اچھے انداز میں استعمال کرتا ہے لیکن ہم نے بھی سیریز میں دفاعی کھیل کی بجائے جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم ٹسٹ میچوں میں فتوحات حاصل کرتی ہے تو اس کا ونڈے مقابلوں پر مثبت اثر پڑے گا۔