کولکتہ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام)رواں انڈین پریمیئر لیگ میں بہتر کارکردگی کے باوجود گوتم گھمبیر ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے لئے منتخب ہوگئے ہیں، اس پر مبصرین اور ماہرین انہیں خوش قسمت قرار دے رہے ہیں۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے چیمپین شپ کے فائنل میں کوالیفائی کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بارے میں سوچ نہیں رہا تھا۔ میرے منصوبے مختصر ہوتے ہیں، میں ہمیشہ موجودہ وقت کے بارے میں سوچتا ہوں۔ فی الحال توجہ کولکتہ کو دوسری مرتبہ خطاب جتوانے پر مرکوز ہے۔ تاہم انہوں نے دورۂ انگلینڈ کو سخت قرار دیا اور کہا کہ کامیابی کیلئے ٹیم کو ایک جان ہوکر کھیلنا ہوگا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے لئے ایک مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز ہمارے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم کو اسی کے گھریلو میدانوںمیں شکست دی جائے۔انڈین پریمیر لیگ کا فائنل کل بنگلور میں کھیلا جارہا ہے اور شاہ رخ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے مسلسل 8 فتوحات کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جس کا پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچنے والی ٹیم پنجاب سے ہوگا ۔