نئی دہلی ۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین راجیو شکلا کے اسسٹنٹ محمد اکرم پر انتہائی سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ راجیو شکلا کے اسسٹنٹ محمد اکرم سیفی ٹیم میں کھلاڑی کے انتخاب کے بدلے میں کال گرلس کا مطالبہ کرتے تھے۔ محمد اکرم پر الزام ہے کہ انہوں نے اترپردیش کے ایک نوجوان کرکٹر راہول شرما سے لڑکی کا مطالبہ کیا تھا۔ ہندی نیوز چینل نے ایک آڈیو ٹیپ جاری کیا ہے ، جو مبینہ طور پر محمد اکرم کا بتایا جارہا ہے۔راہول شرما کے حوالے سے چینل نے الزام عائد کیا ہے کہ محمد اکرم سیفی بی سی سی آئی کے ایج گروپ میں کھلانے کیلئے پیسوں کے ساتھ ساتھ لڑکی کا بھی مطالبہ کرتے تھے اور ساتھ ہی ساتھ ہی فرضی تصدیق نامہ بھی مہیا کرواتے تھے۔ دوسری جانب اکرم نے الزامات سے انکار کیا ہے اور اس کو پوری طرح سازش قرار دیا ہے۔ صرف راہول شرما ہی نہیں ، دیگر کچھ نوجوان کھلاڑیوں نے بھی اکرم پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ان کے مطابق اکرم کے پاس بھلے ہی یوپی کرکٹ اسوسی کا کوئی عہدہ نہ ہو ، لیکن وہ یہ غیر قانونی کام کرتے ہیں۔راجیو شکلا کے اسسٹنٹ محمد اکرم سیفی پر سنگین الزامات عائد ہونے کے بعد یوپی اورہندوستانی ٹیم کے سابق بولر آرپی سنگھ اور محمد کیف نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس پورے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں نے اپنے ٹوئیٹر بیان میں اس پورے معاملہ کو انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔دریں اثناء بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ کے صدر اجیت سنگھ نے کہا ہیکہ اس تنازعہ کی یکسوئی اور تحقیقات تک سب سے پہلے اکرم کو معطل کردیا گیا ہے اور بورڈ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے لیکن ابھی اس معاملہ میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔