ٹیم سلیکشن پر تنقید، ویسٹ انڈین کوچ معطل

پورٹ آف اسپین ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے دورۂ سری لنکا کیلئے ٹیم سلیکشن کے عمل پر تنقید کرنے پر ہیڈ کوچ فل سیمنس کو معطل کردیا ہے۔ ڈبلیو آئی سی بی کے بیان کے مطابق بورڈ انتظامیہ نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ہیڈ کوچ کو معطل کردیا اور اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہیڈ کوچ ٹیم کے ہمراہ سری لنکا نہیں جائیں گے۔ بورڈ کے مطابق جب تک اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سلیکشن پیانل کے رکن اور سابق ٹسٹ آل راؤنڈر الڈائن بیاپٹسٹ انجام دیں گے۔
ٹوکیو اولمپکس میں پانچ نئے کھیل شامل کرنے کی تجویز
ٹوکیو ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹوکیو میں 2020ء میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پانچ نئے کھیل شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان کھیلوں میں اسکیٹ بورڈنگ، سرفنگ، بیس بال؍ سافٹ بال، اسپورٹس کلائمبنگ اور کراٹے شامل ہیں۔ ان کھیلوں کی شمولیت کی حتمی منظوری انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) آئندہ سال اگست میں دے گی۔ منظوری پر ان پانچ نئے کھیلوں کے 18 مقابلے ہوں گے جن میں 474 سے زائد کھلاڑی شرکت کر سکیں گے۔