جمائیکا ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ ٹیم نے چہارشنبہ کی صبح سبینا پارک میں نٹ پریکٹس کی، جبکہ چند گھنٹے قبل ہی وہ کنگسٹن پہنچے تھے، اور پھر زبردست ورزش بھی کی گئی تاکہ وہاں کے گرم اور مرطوب حالات سے ہم آہنگی ہوجائے۔ ساری ٹیم نے محنت کی اور ریگولر ڈرل کے بعد بیٹنگ اور بولنگ کے مختلف سیشن منعقد کئے گئے۔ وردھیمان ساہا نے اپنی وکٹ کیپنگ مشق بھی کی۔ مرلی وجئے کے انگوٹھے کا زخم ایسا معلوم ہوا کہ مندمل ہوچکا ہے۔ ویراٹ کوہلی کی ٹیم نے پہلا ٹسٹ اننگز اور 92 رنز سے جیتا تھا جس میں آل راؤنڈر آر اشوین کو میچ ایوارڈ ملا تھا۔