ٹیم انڈیا کم از کم پانچ سال چھائی رہے ، کوہلی کا ویژن

نئی دہلی ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) نئے ٹسٹ کیپٹن ویراٹ کوہلی نے انڈین ٹیم کیلئے اپنے پُرعزم ویژن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں جو دنیائے کرکٹ پر اگلے کم از کم پانچ برسوں تک غالب رہے۔ کوہلی جنھیں ٹسٹ کپتانی اس وقت دے دی گئی جب جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف چار میچ کی سیریز کے تیسرے ٹسٹ کے بعد مہندر سنگھ دھونی سبکدوش ہوگئے، انھوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم میں مضبوط دوستانہ رشتہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔ ’’میری پُرزور خواہش ہے کہ انڈین ٹیم کم از کم پانچ یا چھ سال کیلئے چھا جائے‘‘ کوہلی نے ای ایس پی این کرک انفو کی ڈیجیٹل میگزین کو انٹرویو میں یہ بات کہی، جو اس ’کرکٹ منتھلی‘ سائٹ پر کل شائع ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا، ’’ہمارے پاس بلاشبہ ٹیلنٹ ہے۔ ہمارے پر یقینا قابلیت ہے۔ بس یہی ہے کہ آپ اسے کس طرح بروئے کار لاتے ہو اور دونوں کو یکجا کیسے رکھتے ہو‘‘۔ ٹیم کیلئے اپنے ویژن کی صراحت کرتے ہوئے کوہلی نے کہا: ’’میں مضبوط رشتے بنانا چاہتا ہوں۔ میں اس یونٹ میں ٹھوس دوستیاں قائم کرنا چاہتا ہوں۔ ہم سال میں 250-280 یوم یکجا ہوتے ہیں، لہٰذا میں کچھ ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتا ہوں جہاں اگلے دس سال اگر آپ اس پر نظر رکھیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ یہ متحد ٹیم ہے۔ وہ ایک دوسرے کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں۔ وہ صرف اپنے لئے کھیلنا نہیں چاہتے۔ یہی میرا ویژن ہے۔‘‘

فیفا بھاری رقمی منتقلی سے لاعلم!
زیورخ ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا نے آج اعتراف کیا کہ اس نے جنوبی افریقہ سے 10 ملین امریکی ڈالر کی کسی داغدار فٹبال عہدہ دار کو ادائیگی سے نمٹا تھا لیکن تردید کی کہ عالمی ادارہ کے سکریٹری جنرل جیروم والکی اس معاملت میں ملوث ہیں۔ فیفا نے کہا کہ اسے جنوبی افریقی حکومت نے کہا تھا کہ 2010ء ورلڈ کپ کے آرگنائزرس کیلئے مختص رقم روک کر اسے کریبین کے ترقیاتی پراجکٹ کو بھیج دیں۔