ناٹنگھم ۔12جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارٹن کرو نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے لئے مہمان ٹیم کے قطعی 11کھلاڑیوں میںاشون کی عدم شمولیت صحیح فیصلہ نہیں ۔ کیونکہ ٹیم انتظامیہ نے اشون کو اضافی کھلاڑی بناکر رکھ دیاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ برائے مہربانی کوئی مجھے یہ بتائے گا کہ کیوں اشون کو اس وقت شائق بناکر رکھ دیا گیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ پہلے ٹسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم کے ابتدائی چار کھلاڑیوں میں مہیندر سنگھ دھونی ‘ ویراٹ کوہلی‘ چیٹیشور پجارا اور روی چندر اشون کا از خود انتخاب ہوناچاہیئے تھا لیکن اس کے برعکس ٹیم انتظامیہ نے اسٹیورٹ بنی کو اشون پر ترجیح دی ۔ کرو نے کہا کہ ہندوستان کیلئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ جدوجہد میں مصروف انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرے ۔
فائنل کیلئے دارالشفاء میں بڑے اسکرین کا انتظام
حیدرآباد۔12جولائی ( راست) دارالشفاء کے فٹبال میدان غدیر کو حیدرآباد کے فٹبال کیلئے کافی اہمیت حاصل ہے جہاں اب فیفا ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے کے مشاہدہ کیلئے بڑے اسکرین کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ سید حسن عباس ہاشم عابدی و میرتقی علی مکرم کے بموجب اتوار کی آدھی رات (1.30)کو جو فائنل جرمنی اورارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا اس کا یہاں بڑے اسکرین پر مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔