جمائیکا۔18 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام)نیوزی لینڈ کے سابق کپتان راس ٹیلر اس وقت ویسٹ انڈیز میں کیریبین پریمیئر لیگ میں کھیل رہے ہیںاور انہوں نے جمائیکا تالاواہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریوٹ کے خلاف شاندار بیٹنگ کی اور محض 35 گیندوں میں 51 رنز اسکورکئے جس میں2 چوکے اور چار چھکے شامل ہیں۔میچ میں چار چھکے لگانے کے ساتھ ہی راس ٹیلرس نے ٹی 20 کرکٹ میں چھکے لگانے کے ریکارڈ میں مہندرسنگھ دھونی ( 267 چھکے ) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹیلر کے نام اب 248 ٹی 20 میچوں میں271 چھکے درج ہوگئے ہیں اور وہ ٹی 20 میں چھکے لگانے کے فہرست میں 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔اب ٹیلر کا نشانہ 11 نمبر پر موجود سریش رائنا ہیں اور رائنا کے نام 299 ٹی 20 چھکے درج ہیں جس سے ٹیلر 28 چھکے دور ہیں تاہم جس طرح کے فارم میں ٹیلر نظر آرہے ہیں وہ اس فہرست میں مزید آگے بڑھیں گے۔یاد رہے کہ ٹی 20 میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کرس گیل ( 857 چھکے ) کے نام ہے۔