ٹیلر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹسمین

ہیملٹن۔26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)نیوزی لینڈ کے سینئر بیٹسمین روس ٹیلر نے ونڈے میں 7 ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں اور ساتھ ہی زیادہ سنچریوں کا اپنے ملک کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ٹیلر نے انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں 113 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا۔ یہ ان کے ونڈے کیریئر کی 17 ویں سنچری ہے اس طرح انہوں نے نیتھن ایسٹل کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا جبکہ ون ڈے کیریئر میں 7 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا اور نیوزی لینڈ کے تیسرے بیٹسمین بن گئے۔یادرہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے ونڈے میں انگلینڈ کو 3 وکٹ سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم نے 285 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور میں اس وقت ہوا جب صرف چار گیندیں باقی تھیں۔ آل رائونڈر بین اسٹوکس کی آمد بھی انگلینڈ کے کام نہ آسکی۔