ٹھاکر کے بیان پر پاکستانی کرکٹ حلقوں میں ناراضگی

کراچی 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر کے بیان کے بعد پاکستانی کرکٹ حلقوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے کیوں کہ بی سی سی آئی کے صدر نے اپنے حالیہ بیان میں کہاکہ اگر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بھی رہیں تو ہندوستان پڑوسی  کرکٹ ٹیم سے باہمی سیریز نہیں کھیلے گا۔ ٹھاکر جوکہ برسر اقتدار سیاسی جماعت بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر بھی ہیں، انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دریں اثناء پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے کہاکہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ وہ کہنا کیا چاہتے ہیں۔ ہندوستان گزشتہ 8 برسوں سے پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے سے گریز کررہا ہے اور حالات بہتر رہنے کے وقت میں بھی سیریز نہیں کھیلی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹھاکر کے بیان پر کوئی سرکاری ردعمل تو نہیں دیا

لیکن سرفہرست عہدیداروں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ محمد یوسف نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی سی سی کو ٹھاکر کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے کیوں کہ آئی سی سی ہمیشہ کہتا ہے کہ وہ کرکٹ میں سیاست کو برداشت نہیں کرے گا لیکن بی سی سی آئی کے صدر سیاسی بیانات دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں راشد لطیف نے بھی ٹھاکر کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ماضی میں بھی ہندوستان کی جانب سے مقابلوں میں شرکت نہ کرنے کا حوالہ دیا۔ علاوہ ازیں سابق اسپنر عبدالقادر نے حوالہ دیا کہ ہند ۔ پاک مقابلہ سے آئی سی سی کو لاکھوں ڈالرس کی آمدنی ہوتی ہے اور وہ پھر ایک مرتبہ اگلے برس چمپئنس ٹروفی میں دونوں ممالک کے مقابلہ پر ہی توجہ دے رہا ہے۔ لیکن اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو ہندوستان کی خوشامد کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔