جئے پور ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے جن کے نام کو راجستھان اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کی پہلی فہرست سے نکال دیا گیا ہے، منگل کو پارٹی سے مستعفی ہوگئے۔ ریاستی وزیر سریندر گوئل کے استعفیٰ کے ایک دن بعد وہ مستعفی ہوئے ہیں۔ ناگور کے ایم ایل اے حبیب الرحمن نے کہا کہ انہوں نے ان کا استعفیٰ پارٹی کیر یاستی یونٹ صدر مدن لال سائینی کو میل کردیا ہے۔ حبیب الرحمن نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’میں نے پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور استعفیٰ کا مکتوب آج (منگل کو) پارٹی کے ریاستی یونٹ کے صدر کو روانہ کردیا ہے۔ اس مرتبہ میرے نام کو شامل نہ کرنے کے پارٹی کے فیصلہ کے خلاف میرے حامیوں میں ناخوشی، بے اطمینانی ہے اس لئے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہلی میں ہیں جہاں وہ ان کے حامیوں سے ملاقات کریں گے اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ بی جے پی کے دیگر چند موجودہ ارکان اسمبلی نے بھی، جنہیں پارٹی کے امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے، پارٹی کے فیصلہ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔