ٹولی چوکی میں پارکنگ کیلئے جھگڑا ، تین زخمی

حیدرآباد۔/10 مئی، ( سیاست نیوز) ٹولی چوکی ندیم کالونی میں آج پارکنگ کے مسئلہ پر دو گروپس میں جھگڑا ہوا اور چاقو کے حملہ میں تین نوجوان زخمی ہوگئے۔ پولیس گولکنڈہ کے بموجب اس واقعہ میں محمد عبدالرحمن کو گہرا زخم آیا جبکہ دانش اور محمد ستار بھی زخمی ہوگئے۔بتایا جاتا ہے کہ حملہ کے دوران جاوید اور اس کے ساتھیوں نے بعض خواتین سے بھی بدسلوکی کی۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑیوں کی پارکنگ کے مسئلہ پر جاوید اور اس کے دیگر ساتھیوں کے درمیان گزشتہ چند دنوں سے مکان کے سامنے گاڑیوں کی پارکنگ پر تتنازعہ چل رہا تھا اور آج اس مسئلہ کی یکسوئی بھی ہوگئی تھی لیکن بعد نماز مغرب جواد، جاوید ، جلیل اور دیگر نے عبدالرحمن اور اس کے ساتھیوں پر چاقوؤں سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور زخمیوں کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زیر علاج ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاوید وہاں کے ایک مقامی کارپوریٹر کا بھائی ہے اور عبدالرحمن اور دیگر کو گزشتہ چند دنوں سے وہ دھمکارہا تھا ۔ پولیس گولکنڈہ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔