امیدواروں سے فی کس ایک لاکھ روپئے لینے والی ٹولی بے نقاب
حیدرآباد ۔ یکم ؍ فبروری ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ وزن ٹیم نے ٹوفل (TOEFL) آن لائن امتحان میں تلبیس شخصی کے ذریعہ امیدواروں کو غیر قانونی طور پر مدد کرنے والی ٹولی کو بے نقاب کر دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 ؍ جنوری کو ٹاسک فور س نے سی وی آر پلازہ وکرم پوری کالونی سکندرآباد میں واقع آئی پی زون دفتر پر دھاوا کرتے ہوئے 11 افراد کوگرفتار کرلیا جو (TOEFL) امتحان میں دھاندلیوں کے ذریعہ امیدواروں کو مدد کر رہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ واجد باشاہ اور اس کے دوست افتخارالدین عرف افروز امیدواروں کو مدد کرنے کے لئے فی کس ایک لاکھ وصول کر رہے تھے ۔ پولیس نے اس دھاوے میں 6 طلبا اور 3 افراد جو تلبیس شخصی کے ذریعہ امتحان لکھنے میں مصروف تھے کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس نے اس ریاکٹ میں ملوث محمد رفیع احمد طہ‘ بھوپیش شرما ‘ ایس راما کرشنا ‘ محمد عبدالرشید ‘ محمد سرفراز حسین ‘ ایس کنشکا ‘ ایم وشنو بھائی پٹیل ‘ کرپال کمار پٹیل اور انتھر کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ اس دھاوے میں ٹاسک فورس 88 ہزار نقد رقم ‘ 10 موبائیل فونس اور ٹوفل امتحان کے ٹسٹ فارمس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں کارخانہ پولیس کے حوالے کر دیا ۔