ٹور میچ سے مقصد پورا ہوا: روہت شرما

وانگھیری۔ 3؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ نیوزی لینڈ الیون کے خلاف منعقدہ دو روزہ مقابلہ کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹور میچ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے کپتان روہت شرما نے کہا کہ 6 فروری کو آکلینڈ کے ایڈن پارک میں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ سے قبل ہم نے ٹور مقابلہ سے جو چاہا، وہ حاصل کرلیا۔ روہت شرما کے بموجب ٹسٹ سیریز سے قبل کھلاڑی بہتر پریکٹس کے خواہاں تھے اور یہ پریکٹس انھیں ٹور مقابلہ میں حاصل ہوچکی ہے،

جیسا کہ ان کے ہمراہ اجنکیا رہانے نے بھی نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ مقابلہ کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کارگزار کپتان روہت شرما نے کہا کہ ٹیم کو ٹور مقابلہ سے فائدہ ہوا ہے جب کہ انھوں نے نئے فاسٹ بولر ایشور پانڈے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے منصوبہ کے مطابق بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ روہت شرما نے کہا کہ ان کا منصوبہ فاسٹ بولروں کو مختصر اسپیل کے ذریعہ بہتر کارکردگی کا موقع فراہم کرنا تھا، جیسا کہ اس کے برعکس نیوزی لینڈ الیون نے اپنے فاسٹ بولروں سے طویل بولنگ کا مطالبہ کیا تھا۔ روہت نے مرلی وجئے اور شِکھر دھون کے ناکام ہونے کے باوجود اوپنرس کی حمایت کی ہے۔