ٹوئنٹی 20 کی بولنگ میں کافی تبدیلیاں کرتا ہوں : پریرا

چندی گڑھ ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں بولروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے سری لنکائی آل راونڈر تہسارا پریرا نے کہا کہ تیز طرز کی کرکٹ میں یہ ضروری ہوجاتا ہیکہ اگر بولر کے پاس اپنی گیندیں ڈالنے میں تبدیلیاں کرنے کی صلاحیت موجود ہے تو وہ بیٹسمین کو پریشان کرسکتا ہے۔ 25 سالہ پریرا کنگس الیون پنجاب کیلئے رواں چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں کلیدی بولر ثابت ہورہے ہیں اور انہوں نے ٹورنمنٹ میں اپنی بولنگ کی کامیابی کو گیندوں میں تبدیلی کی مرہون منت قرار دیا ہے۔ پریرا کے بموجب اگر جب کوئی بیٹسمین ان کی بولنگ پر چھکا مارتا ہے تو وہ یارکرس ڈالنا پسند کرتے ہیں جبکہ بولنگ میں سست گیند اور لیک کٹر بھی ان کی خوبی ہے۔ پریرا نے تاحال کھیلے گئے دو مقابلوں میں ہوریکینس کے خلاف 3 اوورس میں 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ٹریڈنس کے خلاف 3 اوورس میں 15 رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پریرا نے یہ بھی اعتراف کیا ہیکہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں بیٹسمنوں کا غلبہ رہتا ہے تاہم ذہین بولر کو کامیابی حاصل ہوتی ہے۔