ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں بھی ڈی آر ایس متعارف

لندن ۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بین الاقوامی کرکٹ میں نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق اب امپائرز فٹ بال کی طرح میچ کے دوران جھگڑنے والے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیج سکیں گے جبکہ امپائر کے فیصلے پر ایل بی ڈبلیو ریویو ضائع نہیں ہو گا۔آئی سی سی کی ورلڈ گورننگ باڈی کا سالانہ جنرل اجلاس انگلینڈ کے شہر لندن میں ہوا جہاں متعارف کروائے گئے نئے قوانین کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔نئے قوانین میں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی ڈی آر ایس کے نفاذ کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ امپائرز کو یہ اختیار مل گیا ہے کہ وہ دوران میچ جھگڑنے والے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کر سکیں گے تاہم دیگر واقعات پر موجودہ قوانین کے تحت ہی سزا دی جائے گی۔ٹیموں کے حق میں نئے قوانین میں جگہ رکھی گئی ہے جس کے تحت ایمپائر کے فیصلے پر ایل بی ڈبلیو ریویو ضائع نہیں ہو گا۔ٹی ٹوئنٹی سمیت تمام بین الاقوامی میچوں میں ڈی آر ایس کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد اب ٹسٹ کرکٹ میں 80 اوورز کے بعد نئے ریویو ملنا بند ہو جائیں گے۔آئی سی سی نے بیٹ ا اور بال کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے بیٹ کے سائز کی حد مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔کرکٹ کے ترمیم شدہ قوانین میں رن آؤٹ کاقانون بھی شامل ہے اور اب بیٹسمین کی جانب سے ایک مرتبہ کریز کے پار بلا رکھنے یا جسم کا کوئی بھی حصہ پہنچنے کے بعد رن مکمل تصور کیا جائے گا۔خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں کرکٹ کے قوانین میں تبدیلی کے لئے تجاویز آئی سی سی کو پیش کی گئی تھیں۔آئی سی سی کی جانب سے منظوری کے بعد اب ان نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔

مرتضیٰ بنگلہ دیش کے مقبول ترین کھلاڑی
ڈھاکہ۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑ کر کپتان مشرفے مرتضیٰ اپنے ملک کے مقبول ترین کرکٹر بن گئے۔ حالیہ سروے میں ونڈے ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ کو 617 ووٹ ملے جبکہ شکیب الحسن کے حصے میں صرف 476 ووٹ آئے۔ دونوں کے درمیان 141ووٹ کا واضح فرق تھا۔ جارحانہ اوپنر تمیم اقبال213 شائقین کے اعتماد کی بدولت تیسرا مقام حاصل کیا۔یادرہے کہ مرتضیٰ کی قیادت میں بنگلہ دیش کے حالیہ مظاہرے شاندار ہیں۔