ٹوئنٹی 20 سیریز میں کامیابی کیلئے پاک ۔ انگلینڈ پر عزم

دبئی۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ سال فروری میں ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی  ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں میزبان ٹیم  اور پاکستان ایک ہی گروپ میں ہیں۔ ٹورنمنٹ کی تیاریوں کے لئے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کی کارکردگی اہم ترین ہوگی۔ دو سال پہلے بنگلہ دیش میں ہوئے  ٹورنمنٹ میں پاکستانی ٹیم پہلے راونڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔ جس کے بعد محمد حفیظ کو قیادت سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ اب شاہد آفریدی کو اپنے آخری آئی سی سی ٹورنمنٹ کو اپنی کارکردگی سے یادگار بنانا ہوگا۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے ٹسٹ اور ونڈے سیریز کے ختم ہونے کے بعد تیسری طرز کی کرکٹ  ٹوئنٹی 20 کے لئے  آئی سی سی کرکٹ اکیڈیمی میں اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ مصباح الحق ٹسٹ سیریز 2-0  سے جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ اظہر علی ونڈے سیریز کی آزمائش میں ناکام رہے اور اب شاہد آفریدی کے لئے ایک مشکل آزمائش جمعرات سے شروع ہورہی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تقریباً تین سال بعد ایک دوسرے کے خلاف ٹوئنٹی 20 میچ کھیل رہی ہیں۔ تین سال پہلے متحدہ عرب امارات میں ہوئے  سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو 2-1  سے شکست دی تھی۔ انگلش ٹیم نے ایان مورگن کی قیادت میں  ون ڈے سیریز میں پاکستان کو 3-1  سے شکست دی ہے اور مورگن ہی ٹوئنٹی 20 ٹیم کی بھی قیادت کریں گے۔