دبئی۔9 جون(سیاست ڈاٹ کام)تازہ ترین آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں اسپن بولروں کی حکمرانی واضح ہے کیونکہ سرفہرست 9 بولروں میں اسپنرز نمایاں ہیں تاہم بیٹنگ کے شعبے میں پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم کا پہلا مقام بدستور برقرار ہے۔بنگلہ دیش اور افغانستان کی سیریز ختم ہونے پر جاری تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں پاکستانی ٹیم حسب معمول نمبر ون مقام پر موجود ہے جسے اسکاٹ لینڈ کیخلاف آئندہ دنوں دو میچز کھیلنا ہیں جہاں دونوں میچوں میں ناکامی پاکستانی ٹیم کو تیسرے نمبر پر دھکیل سکتی ہے جس کا کوئی خاص امکان نہیں۔ بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ کامیابی پر چار نشانات لے کر بھی افغانستان کی ٹیم آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ پانچ نشانات سے محروم بنگلہ دیشی ٹیم کا 11ویں نمبر پر موجود اسکاٹ لینڈ سے صرف چار نشانات کا فرق رہ گیا ہے۔ بولنگ کے شعبے میں سرفہرست نو مقامات پر اسپنرس کی حکمرانی واضح دکھائی دے رہی ہے کیونکہ افغان اسپنر راشد خان نے بنگلہ دیش کیخلاف مین آف دی سیریز ایوارڈ لینے کے بعد اپنا پہلا مقام مزید مستحکم کرلیا ہے جبکہ پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ محمد نبی11درجے کی چھلانگ کے ساتھ کیریئر میں پہلی مرتبہ آٹھویں جبکہ ان کے ساتھی مجیب زدران51 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے عماد وسیم نے نواں مقام سنبھال رکھا اور محمد عامر 13ویں درجے پر ہیں۔بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم بدستورسرفہرست ہیں جبکہ کالن منرو دوسرے ، گلین میکسویل تیسرے ، آرون فنچ چوتھے اور ایون لوئس ایک درجے بہتری ملنے پر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ افغان بیٹسمین سمیع اللہ شنواری ترقی کی بدولت 44 ویں، بنگلہ دیشی محمود اللہ 33 ویں اور مشفق الرحیم 41 ویں نمبر پر جا پہنچے۔