سڈنی۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا ٹوئنٹی 20 میچ 2 وکٹس سے جیت لیا اور سیریز میں کامیابی حاصل کرلی۔ سڈنی میں اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورس میں 145 رنز بنائے۔ کاک 48، ہینڈرکس 49 اور ڈی اے ملر 34 ناٹ آؤٹ نے مل کر ٹیم کا اسکور بہتر بنایا اور 6 وکٹس کے نقصان سے مجموعی طور پر 145 رنز بنائے گئے۔ جواب میں آسٹریلیا نے 8 وکٹس کھوکر 19.5 اوورس میں 146 رنز بنالئے۔ وائٹ نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فنچ نے 33 اور میکس ویل نے 23 رنز بنائے۔ ڈی ویز اور پیٹرسن کو فی کس 3 وکٹس حاصل ہوئے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا کے بولر فاکنر نے 4 اوورس میں 28 رنز دے کر 3 وکٹس حاصل کئے۔ آج کا میچ جیتنے کے بعد آسٹریلیا سیریز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ آسٹریلیا کی اس کامیابی میں وائٹ کا نمایاں رول رہا حالانکہ انہیں ونڈے ٹیم میں ابھی شامل نہیں کیا گیا جبکہ ورلڈ کپ کیلئے چند ماہ باقی ہیں۔ آسٹریلیا نے پہلا میچ ہارنے کے بعد اپنے مظاہرہ میں کافی بہترین لائی ہے۔