ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کیلئے میچ عہدیداروں کا اعلان

دبئی ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کیلئے میچ عہدیداروں اور گروپ مرحلے کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ میگا ایونٹ16 مارچ تا 4 اپریل بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے بموجب میگا ایونٹ میں میچ ریفری کے فرائض ڈیوڈ بون، رنجن مدوگالے، روشن مہاناما اور جواگل سری ناتھ انجام دیں گے۔

علیم ڈار، کمار دھرماسینا، اسٹیو ڈیوس، ماریس ریسموس، ای ین گولڈ، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹل برا، نائجل لانگ، بروس اوکسنفورڈ، پال رائیفل اور روڈ ٹکر میدان پر امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ابتدائی راؤنڈ کے وارم اپ مقابلوں کا کل آغاز ہورہا ہے اور یہ 14 مارچ تک جاری رہیں گے۔ سوپر ٹین مرحلے کے وارم اپ مقابلے 17 تا 19 مارچ تک کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کا ابتدائی راؤنڈ 16 تا 21 مارچ تک کھیلا جائے گا جبکہ سوپرٹین مقابلوںکا آغاز 21 مارچ سے ہو گا جو یکم اپریل تک جاری رہے گا۔