ٹلرسن کا بغداد اور اربیل کے درمیان مذاکرات کا مطالبہ

دبئی ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے مطالبہ کیا ہے کہ اربیل اور بغداد کے درمیان مسائل کے حل کیلئے فریقین کے بیچ بات چیت شروع کی جائے۔ عراقی کردستان کے وزیراعظم نیجرفان بارزانی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں ٹلرسن نے بغداد میں مرکزی حکومت کے ساتھ کشیدگی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ امریکہ عراقی کردستان کے آئینی حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ٹلرسن نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ فائر بندی اور میدانی مذاکرات ایک سیاسی مکالمے کی شکل اختیار کر لیں گے تا کہ فریقین کے بیچ موجود مسائل کا حل سامنے آ سکے۔