ٹسٹ کرکٹ کیلئے 2 ماہ مختص کرنے کا مطالبہ

کراچی ۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سابق کپتان رمیز راجہ نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں بورڈزٹسٹ کرکٹ کو نظر انداز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے برصغیر میں پانچ روزہ کرکٹ کی اہمیت کم ہوتی جارہی ہے۔ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے آئی سی سی پر زور دیا کہ وہ سال کے دو ماہ ٹسٹ کرکٹ کیلئے مختص کرے تاکہ پانچ روزہ کرکٹ کی ساکھ کو برقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈز کا رخ کرتی ہے جبکہ ایشیائی ممالک میں ٹسٹ کرکٹ کا رجحان ختم ہوتا جارہا ہے اور ان علاقوں میں ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں شائقین دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایشیاء میں کرکٹ بورڈز طویل کرکٹ کیلئے مناسب منصوبہ بندی اور شیڈول بنائیں تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ رمیز راجہ نے مزید کہا کہ آئی سی سی کے پاس ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ کیلئے موزوں منصوبہ ہے اور اس پر عمل درآمد کیلئے تمام کرکٹ بورڈز کو دو ماہ کیلئے اپنی دیگر سرگرمیوں کو روک دینا چاہئے تاکہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ٹسٹ کرکٹ کیلئے دستیاب ہوسکیں۔ رمیز راجہ کے مطابق ایشیائی ممالک میں ٹسٹ چیمپئن شپ کے انعقاد سے ہی اس مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ پورے سال میں ایک وقت ایسا بھی ہونا چاہئے جب دیگر مقابلوں کو روک دیا جائے تاکہ ٹسٹ کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ٹسٹ میچوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں جس سے شائقین محظوظ ہوں گے۔