سڈنی ، 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارک ٹیلر کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کے انعقاد کے بعد ٹسٹ کو چار روزتک محدود کرنے کے خواہش مند ہیں۔ برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق ٹیلر نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان رواں ہفتے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کا انعقاد ٹسٹ کرکٹ کی تجدید کا نقطہ آغاز ہونا چاہئے اور کھیل کو نئی نسل کیلئے دلچسپ بنانے کیلئے چار دن تک محدود کردینا چاہئے۔ ٹیلر نے کہا: ’’دیکھنا ہوگا کہ کرکٹ کس طرف جارہی ہے، نئی نسل عام طور پر زیادہ سے زیادہ تفریح چاہتی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ان کی دلچسپی پانچ روز تک برقرار رکھنا آسان نہیں ہے ‘‘۔ انھوں نے کہا کہ اگرٹسٹ کرکٹ میں بہترین چار دن ہوں اور یہ اتوار کو ختم ہو تو میچ کے آخری روز زیادہ تماشائیوں کی آمد کے امکانات ہوں گے۔ ٹیلر نے بتایا کہ ’’کچھ عرصہ قبل کسی نے مجھ سے کہا کہ ہم ٹسٹ کرکٹ کے بجائے ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی جانب لوگوں کی رغبت پر حیران کیوں ہوتے ہیں۔ ہم ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کو اسکول اور چھٹی کے دن اور ایک رات میں کھیل سکتے ہیں جبکہ ٹسٹ کرکٹ اسکول سے باہر ہے‘‘۔ مارک ٹیلر آسٹریلیا کرکٹ بورڑ کے اہم رکن ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’میں نے اس بات کو آئی سی سی کی سطح پراٹھایا اوراس پر سنجیدگی سے نظرڈالنے کی ضرورت ہے اور اس پر ہم مل کرنئے منصوبے بنارہے ہیں‘‘۔ آسٹریلیا کے ایک اور سابق کپتان گریگ چیپل نے مارک ٹیلر کے منصوبے کی توثیق کرتے ہوئے کہا: ’’میں روایتی آدمی ہوں لیکن میں چار روزہ ٹسٹ کرکٹ میچ سے خوفزدہ نہیں‘‘۔