ٹسٹ ٹیم میں مفید ہوں گے کلدیپ:سچن

ممبئی، 23 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) سابق بلے باز سچن تندولکر نے انگلینڈ کے خلاف اہم پانچ ٹسٹ میچوں کی سریز کے لئے چائنامین بولر کلدیپ یادو کو ہندوستانی ٹیم میں شامل کرنے کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ میچوں میں اس سے ہندوستان کو فائدہ ملے گا۔انگلینڈ کے خلاف یکم اگست سے شروع ہونے جا رہی پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے کلدیپ کو وراٹ کوہلی کی قیادت والی ہندستانی ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ان کے علاوہ ٹیم میں دیگر تجربہ کار اسپنروں لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ اور آف اسپنر روی چندرن اشون کی بھی جوڑی ہے ۔لیکن سب سے زیادہ بحث کلائی کے اسپنر کلدیپ کو لے کر ہے ۔23 سال کے کلدیپ نے حال ہی میں انگلینڈ میں کھیلی گئی تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے سیریز میں متاثر کن بولنگ کی تھی اور ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ہی نو وکٹ نکالے تھے جس میں اوپننگ میچ میں انہوں نے 25 رن پر چھ وکٹ لئے تھے جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے ۔سچن نے انٹرویو میں کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ کلدیپ ٹیسٹ فارمیٹ کے لئے تیار ہیں جو کرکٹروں کے لیے سب سے مشکل شکل ہے ۔مجھے لگتا ہے کہ وہ بالکل تیار ہے ۔انگلینڈ کے بلے بازوں کو کلدیپ کے خلاف کھیلنے میں سب سے زیادہ مشکل ہوئی تھی۔اگرچہ آخری ون ڈے میں انگلینڈ نے جیت درج کرتے ہوئے سریز 2۔1 سے جیت لی تھی، اس میچ میں کلدیپ 55 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لے سکے تھے ۔لیکن باقی میچوں میں ان کی کارکردگی بہترین رہی تھی جس سے کپتان وراٹ نے پہلے ہی انہیں ٹسٹ ٹیم میں لانے کے اشارہ دے دیئے تھے ۔ ٹسٹ اور ونڈے میں دنیا کے بہترین اسکورر سچن نے کہا کہ کلدیپ نے بھلے ہی برصغیر میں ہی اپنے صرف دو ٹسٹ کھیلے ہوں لیکن وہ انگلینڈ کی زمین پر بھی اچھا مظاہرہ کریں گے ۔