ممبئی ، 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عظیم بیٹسمن سچن تنڈولکر نے تجویز پیش کی ہے کہ آئی سی سی کو اگر روایتی فارمٹ کی بقاء مقصود ہو تو زیادہ ٹسٹ میچوں کا اہتمام کرنا چاہئے اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ کو کریڈٹ دیا کہ ان دنوں پانچ روزہ مقابلے زیادہ نتیجہ خیز ہونے لگے ہیں۔ تنڈولکر کل یہاں ’ای ایس پی این کرک انفو‘ ایوارڈز کی شب اظہار خیال کر رہے تھے جبکہ انھیں ’کرکٹر آف دی جنریشن‘ قرار دیا گیا۔
نومبر 2013ء میں ریٹائر ہونے والے 40 سالہ تنڈولکر نے کہا، ’’آئی سی سی کو اس کا نوٹ لینا چاہئے اور اگر وہ ٹسٹ کرکٹ کی بقاء چاہتے ہیں تو زیادہ ٹسٹ میچز کا اہتمام کریں۔ (تاہم) میرا ہنوز ماننا ہے کہ ٹسٹ کرکٹ کی اچھی حالت ہے اور کھلاڑی کچھ ناقابل یقین کرکٹ پیش کررہے ہیں‘‘۔ اگر آپ دنیا بھر میں دیکھیں تو زیادہ تر ٹسٹ میچز میں نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ڈرا کم ہوتے ہیں جو T20 کی وجہ سے ہے۔
عمر اکمل کو پولیس مین نے معاف کردیا
کراچی ، 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک پولیس مین نے عمر اکمل کے خلاف ٹریفک خلاف ورزی کے الزامات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے تاکہ انھیں آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلئے بنگلہ دیش کو پرواز کرنے دیا جائے۔ ٹریفک وارڈن محمد ذیشان نے گزشتہ ماہ لاہور میں ایک ٹریفک واقعہ کے دوران عمر کے خلاف گالی گلوج اور غلط برتاؤ کی شکایت درج کرائی تھی لیکن اب کرکٹر کو معاف کردیا۔ اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی بیٹسمن اپنے ملک کیلئے اچھا مظاہرہ پیش کریں۔