ٹسٹ مقابلوں کی فیس میں اضافہ ناگزیر:کیون پیٹرن

سڈنی ۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ٹوئنٹی20  کرکٹ اور خاص کر مختلف ممالک میں کھیلی جانے والی لیگز نے روایتی پانچ روزہ ٹسٹ میں شائقین کی دلچسپی کم کردی ہے۔ دنیا کے بہترین کرکٹرکم وقت میں مختصر طرز کے میچز کھیل کر زیادہ پیسے کمانے لگے ہیں۔ جارحانہ انداز سے کھیلنے والے بیٹسمینوں کے جانے سے ٹسٹ کا حسن بری طرح ماند پڑ رہا ہے اور مستقبل میں اس رجحان میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ٹاپ پلیئرز کو ٹسٹ کرکٹ کھیلتے رہنے پر مجبور کرنے کیلئے سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن نے آئی سی سی کو دلچسپ تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے  بہترین کھلاڑیوں کی  روایتی ٹسٹ میں  دلچسپی برقرار رکھنے کیلئے عالمی باڈی بھاری فنڈز مختص کرے۔ پیٹرسن کے بموجب حکام کو ٹسٹ کرکٹ کی بقا کیلئے کوئی اختراعی سوچ اپنانی ہوگی۔ بڑے پلیئرز کو زیادہ معاوضوں کی کشش دینا ان کے لئے بڑا محرک بن سکتا جبکہ نوجوان بچوں کو کھیل کی جانب سے راغب کرنے کیلئے طویل مدتی منصوبہ بھی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ٹسٹ کرکٹرز کو اتنا زیادہ معاوضہ دیا جائے کہ وہ کسی اور طرف جانے کا سوچیں بھی نہیں۔