کراچی۔12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں ٹسٹ میچوں کا قحط ختم ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں کیونکہ سری لنکائی ٹیم نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے ۔ ذرائع کے بموجب دس سال کے طویل عرصے بعد کوئی ٹیم پاکستان میں طویل فارمیٹ کے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ٹسٹ چمپئن شپ کے سلسلے میں دو میچز کا ستمبر اور اکتوبر میں انعقادہوگا،کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور لاہور کا قذافی اسٹیڈیم میزبانی کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بنگلہ دیشی ٹیم کو بھی مختصر سیریز کیلئے مدعو کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو بھی مختصر دورے پر پاکستان آنے کیلئے قائل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں کیونکہ 2019 اور 2020 کے سیزن میں آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے پہلے مرحلے میں پاکستان کو سری لنکا کے علاوہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کیخلاف بھی سیریز کا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستانی ٹیم رواں سال آسٹریلیا کے دورے میں دو ٹسٹ میچز کھیلے گی تاہم پی سی بی حکام کوشش کر رہے ہیں کہ بنگلہ دیش کو بھی پاکستان کیخلاف میچز ملک میں کھیلنے پر آمادہ کرلیا جائے جس کیخلاف میچز متحدہ عرب امارات میں مقرر ہیں اورقوی امید ہے کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے مثبت پیشرفت دیکھنے کو ملے گی اور اس حوالے سے معاملات جلد ہی طے پائیں گے۔آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے سلسلے میں ٹسٹ کرکٹ کھیلنے والے 9 سرفہرست ممالک تین سالہ عرصے میں باہمی مقابلوں میں حصہ لیں گے جس کے بعد دو سرفہرست ٹیمیں 2021ء میں فائنل کھیلیں گی۔ یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بند ہے۔