ٹسٹ سیریز میں انگلینڈ پسندیدہ وسیم اکرم کی رائے

لندن ،4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم پسندیدہ ہے۔ حالیہ عرصہ وہ جس طرح کی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتی آئی ہے اس سے لگتا ہے کہ اس سیریز میں سخت مقابلہ نہ ہو۔ اکرم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ سیریز دراصل پاکستانی بیٹنگ کا امتحان ہے۔ پاکستان کے پاس صرف دو تجربہ کار بیٹسمن یونس خان اور مصباح الحق ہیں۔ انگلینڈ کی بولنگ کے سامنے پاکستان کیلئے ہر بار 350 رنز اسکور کرنا آسان نہ ہوگا۔پاکستانی بیٹسمنوں کو دفاعی خول میں بند ہونے کے بجائے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنی ہوگی۔ 414 ٹسٹ اور 502 ونڈے وکٹیں حاصل کرنے والے اکرم نے کہا کہ سیریز کا بڑی حد تک انحصار اس بات پر ہوگا کہ جیمز اینڈرسن کتنے فٹ ہیں اور کیا وہ پہلے ٹسٹ میں کھیلنے کی پوزیشن میں ہوں گے؟ اکرم نے کہا کہ بہت لوگ کہتے ہیں کہ جولائی میں انگلینڈ کے حالات کھیلنے کیلئے آسان ہوجاتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں مانتے۔ انگلینڈ میں وکٹیں آسان نہیں ہوں گی۔ ان وکٹوں پر ’ڈیوک‘ گیند بہت زیادہ سوئنگ کرتی ہے۔ تاہم اکرم نے اعتراف کیا کہ پاکستانی بولنگ میں بڑی ورائٹی ہے۔ پاکستان کو دو لیفٹ آرم اور ایک رائٹ آرم فاسٹ بولر کے ساتھ میدان سنبھالنا ہوگا جبکہ یاسر شاہ کی صلاحیتوں کا بھی امتحان ہے۔