دبئی، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی نے تازہ ٹسٹ رینکنگ جاری کر دی جس میں بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے رینکنگ میں بہتری پیدا کر لی۔ بیٹنگ کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ کی پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیرز دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ پاکستان کے تجربہ کار بلے باز یونس خان کا ساتواں نمبر ہے۔ جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی ایک درجہ کامیابی حاصل کر کے 18 ویں پوزیشن پر ہیں۔ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال ایک درجہ ترقی کر کے 26 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین سرفہرست ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی کسی تبدیلی کے بغیر دوسری پوزیشن ہے جبکہ پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کا تیسرا نمبر ہے۔ جنوبی افریقہ کے سائمن ہارمر نے 17 درجہ کامیابی کے بعد 48 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔ آل رائونڈر کیٹگری میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا پہلی پوزیشن پر راج برقرار ہے۔ جنوبی افریقہ کے ورنن فلانڈر کا دوسرا نمبر ہے۔