دبئی ۔ 10 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے رواں دورہ پر ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے مسلسل مایوس کن ہے جس کا آئی سی سی کی درجہ بندی میں مجموعی طور پر ٹیم کے مقام اور انفرادی طورپر کھلاڑیوں کے درجات پر پڑ رہا ہے ۔ اب جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے ابتدائی مقابلے میں 40 رنز کی شکست کے بعد آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں اس کا دوسرا مقام بھی شدید خطرہ میں پڑچکا ہے چونکہ جمعرات کو آسٹریلیائی ٹیم اپنے دورۂ جنوبی افریقہ کا پہلے ٹسٹ سے آغاز کر رہی ہے اور وہ کامیابی کے ذریعہ ٹسٹ میں دوسرا مقام حاصل کرسکتی ہے جبکہ پہلے مقام پر جنوبی افریقی ٹیم موجود ہے جس کے درجہ بندی کے نشانات اس کے پہلے مقام کی حفاظت کے لئے کافی ہیں۔ جنوبی افریقہ اس وقت 113 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر موجود ہے جبکہ 111 نشانات کے ذریعہ آسٹریلیا دوسرے مقام پر موجود ہے جیسا کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے کسی بھی نتیجہ کے باوجود جنوبی افریقی ٹیم اپنے مقام پر فائز رہے گی لیکن اس سیریز کے نتائج کا آسٹریلیائی اور ہندوستانی ٹیم پر ضرور اثر پڑے گا ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 فروری کو ویلنگٹن میں دوسرے ٹسٹ کا آغاز ہورہا ہے اور اس مقابلے کے کسی بھی نتیجہ کے باوجود آسٹریلیائی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی کے ذریعہ ہندوستان سے درجہ بندی کا دوسرا مقام چھین سکتی ہے جس نے پہلے ہی ونڈے درجہ بندی میں ہندوستان سے پہلا مقام چھین لیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اگر ہندوستانی ٹیم دوسرا ٹسٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوپاتی ہے تو اس صورت میں آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کو صرف ڈرا کرنا ہی کافی ہوجائے گا
جس کے ذریعہ وہ درجہ بندی میں دوسرا مقام حاصل کرلے گی اور اگر جنوبی افریقہ سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پھر درجہ بندی کے ابتدائی تین مقامات پر کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی جہاں ٹیموں کی صف بندی میں ہندوستانی ٹیم کا دوسرا مقام خطرہ میں ہے وہیں انفرادی طور پر قومی کرکٹرس کی درجہ بندی میں زوال دیکھا گیا ہے تاہم چٹیشور پجارا اور روی چندرن اشون سرفہرست 10 کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پہلے ٹسٹ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے روہت شرما کو 6 مقامات کا فائدہ ہوا ہے ۔ اور وہ 36 ویں مقام پر ہہنچ گئے ہیں ۔ بولروں میں دو مقامات کے نقصان کے باوجود پرگیان اوجھا 11 ویں مقام پر فائز دوسرے ہندوستانی بولر ہیں جبکہ اشون 8 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں تاریخی 424 رنز اسکور کرنے والے کمارا سنگا کارا 5 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں اور ہندوستان کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالم 15 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ سرفہرست 20 کھلاڑیوں مکیں واپسی کرلی ہے اور اب وہ 20 ویں مقام پر ہیں۔