ٹسٹ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی تازہ رینکنگ

دبئی، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹسٹ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی تازہ رینکنگ آج جاری کر دی۔ آئی سی سی کی ونڈے رینکنگ میں پانچویں بار عالمی چمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والا آسٹریلیا سرفہر ست ہے جبکہ ہندوستان دوسرے اور جنوبی افریقہ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس رینکنگ میں نیوزی لینڈ چوتھی، سری لنکا پانچویں، انگلینڈ چھٹی جبکہ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔ ونڈے میں کھلاڑیوں کی رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیرس پہلے، سری لنکا کے کمار سنگاکارا دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے مصباح الحق 12 ویں نمبر ہیں۔ ایک روزہ میچز کے بولروں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پہلے، جنوبی افریقہ کے عمران طاہر دوسرے اور پاکستان کے سعید اجمل تیسرے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی کی ٹسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ پہلے، آسٹریلیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ہندوستان ترتیب وار پانچویں، چھٹے اور ساتویں مقام پر ہیں۔ ٹسٹ کے بہترین بلے بازوں میں سری لنکا کے کمار سنگا کارا پہلے، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیرس دوسرے اور ہاشم آملہ تیسرے نمبر پر ہیں۔ نیز پاکستان کے یونس خان آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سری لنکا پہلے، ہندوستان دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں بھی کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔ ہندوستانی بلے باز ویراٹ کوہلی پہلے، آسٹریلیا کے آرن فنچ دوسرے اور انگلینڈ کے ایلکس ہیلز تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے احمد شہزاد 14ویں پوزیشن پر ہیں۔