شادنگر 21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاد نگر ریلوے اسٹیشن میں ٹرین میں سوار ہونے کے دوران ایک مسافر پیر پھسل جانے کی وجہ سے دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شاد نگر کے موضع ہنمن نروا کے رہنے والے شہاب الدین ٹرین میں سوار ہورہے تھے کہ پیر پھسل جانے کی وجہ سے گر پڑے جس کے ساتھ ہی شہاب الدین کے دونوں ہاتھ ٹرین کے نیچے آکر کٹ گئے اور وہ شدید زخمی ہوگئے۔ بعدازاں شہاب الدین کو شاد نگر گورنمنٹ ہاسپٹل میں ابتدائی علاج کے بعد حیدرآباد نمس ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔
سڑک حادثہ میں دو نوجوان ہلاک
شادنگر 21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاد نگر کے کتور منڈل کے موضع تماپور کے قریب پیش آئے ایک حادثہ میں دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کتور منڈل کے موضع ہنمن نروا کے رہنے والے نوجوان محبوب، صادق یہ دونوں موٹر سیکل پر سوار ہوکر کتور کی سمت آرہے تھے کہ گاڑی بے قابو ہونے کی وجہ سڑک کے عقب میں واقع درخت کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں دونوں موقع واردات پر ہی فوت ہوگئے۔ کتور پولیس کیس درج کرکے مصروف تحقیقات ہے۔