بریلی (یوپی) 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں آئندہ ہفتہ ریل بجٹ پیش کرنے سے قبل حکومت نے آج ٹرین کرایوں میں کمی کا امکان مسترد کردیا اور کہاکہ یہ کرایے پہلے ہی سے کم ہیں۔ مملکتی وزیر ریلوے منوج سنہا نے کہاکہ ریل کرایوں میں کوئی کمی نہیں ہوگی کیونکہ کرایے پہلے ہی سے کم ہیں اور حکومت سبسیڈی دے رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزارت ریلوے کی ضروریات زیادہ اور وسائل محدود ہیں۔ اِس لئے ریل بجٹ متوازن رہے گا اور عوامی مفاد کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف ) کو ایف آئی آر درج کرانے کا اختیار دینے کے مقصد سے موجودہ قانون میں ترمیم کے لئے بل پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں ریل بجٹ 26 فروری کو پیش کیا جانے والا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہاکہ رقمی بحران سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر میں بہتری کیلئے ریلویز نے صد فیصد غیر ملکی راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی اجازت دی جارہی ہے۔